تاجر برادری انجن آف گروتھ ہے: ڈپٹی کمشنر

Media Network Pakistan

لاہور (ایم این پی) ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر نے کہا ہے کہ تاجر برادری انجن آف گروتھ ہے کیونکہ یہ حکومت کے لیے روزگار کے مواقع اور آمدنی پیدا کرتی ہے۔ تاجر برادری کو درپیش مسائل کو لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ مل کر حل کیا جائے گا۔وہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں خطاب کر رہی تھیں۔ اس موقع پر لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور اور سینئر نائب صدر ظفر محمود چوہدری نے بھی خطاب کیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لیے قلیل المدتی اور طویل المدتی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت شہر کی اہم جگہوں پر کام کر رہی ہے، جلد ہی انسداد تجاوزات مہم شروع کی جائے گی۔انہوں نے تاجر برادری سے اپیل کی کہ وہ ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کی دل کھول کر مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے اب تک امدادی سامان کی تین کارگو شپس ترکیہ بھیجی جا چکی ہیں۔ اس وقت ریسکیو 1122 کی ٹیمیں ترکیہ میں امدادی کارروائیاں کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تباہی کا پیمانہ بہت بڑا ہے اور برادر ملک ہونے کے ناطے ہمیں ترکی کا ساتھ دینا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سموگ کا مسئلہ بڑھتا جا رہا ہے۔ ابتدائی چند مہینوں پر محیط سموگ اب سال بھر ہوا کے معیار کو خراب کر رہی ہے۔ ان مسائل کو ان شعبوں کے ساتھ مل کر حل کیا جانا چاہیے جو اسموگ کا باعث بن رہے ہیں جن میں ٹرانسپورٹ اور صنعت کے کچھ شعبے شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر لاہور چیمبر کی مثبت حمایت ہمارے ساتھ ہو تو ہم سموگ، تجاوزات، واٹر چارجز اور پارکنگ وغیرہ کے مسائل حل کر لیں گے، انہوں نے کہا کہ پارکنگ پلازوں کے لیے جگہوں کی نشاندہی تاجر برادری کی مشاورت سے کی جائے گی۔لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے کہا کہ لاہور کی مارکیٹوں میں آتشزدگی کے واقعات کے نتیجے میں ہونے والے بھاری نقصان سے بچنے کے لئے واٹر ہائیڈرنٹس کو نصب کرنے کی اشد ضرورت ہے،انتظامی/مارکیٹ کمیٹیوں میں لاہور چیمبرکی نمائندگی کو یقینی بنایا جائے۔ ہم چاہتے ہیں کہ بزنس سے متعلق انتظامی امور کو حتمی شکل دیتے وقت نجی شعبے کا موقف بھی اسی وقت شامل ہوجائے۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں اہم مارکیٹوں کے آس پاس پارکنگ کے نئے پلازے بنانا حکومت پنجاب کے ایجنڈے میںشامل رہا ہے لیکن ابھی تک اس پر عمل درآمد نہیں ہوسکا۔ ان میں ہال روڈ، برانڈرتھ روڈ، اکبری منڈی، مال روڈ، سرکلر روڈ، اچھرہ مارکیٹ وغیرہ قابلِ ذکر ہیں۔پارکنگ پلازوں کی تعمیر کو ترجیحی بنیادوں پریقینی بنائیں تاکہ شہر میں پارکنگ کامسئلہ حل ہو سکے ۔ تجاوزات نے خاص طور پر لاہور کے تجارتی مراکز کو بہت متاثر کیا ہے۔بڑی اور اہم مارکیٹوں کو تجاوزات سے پاک بنایا جانا چاہیے ۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ سموگ کا مسئلہ اب ہر سال درپیش آتا ہے ،جس سے صحتِ عامہ کے مسائل کے علاوہ روزمرہ کی سرگرمیاں بھی متاثر ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبرکے پاس پارکنگ کے لئے مناسب جگہ نہیں ہے اس وجہ سے ہمارے ممبران کو اپنی گاڑیاں باہر سڑک پر پارک کرنا پڑتی ہیں ۔ اس سے ٹریفک کی روانی تو متاثر ہوتی ہی ہے اورکئی مرتبہ ٹریفک وارڈنز سڑک پر پارکنگ پر ممبران کا چالان بھی کر دیتے ہیں۔ لاہورلیڈیز کلب ہماری بلڈنگ کے سامنے واقع ہے اور وہاں پر پارکنگ کی وسیع جگہ بھی موجود ہ ہے ۔ہمارا مطالبہ ہے کہ لاہور لیڈیز کلب کی پارکنگ کی جگہ، لاہور چیمبر کوالاٹ کردی جائے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں