لاہور(ایم این پی) پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کو طعنے دینے والوں نے اپنی حکومت خود توڑی اب رو بھی خود رہا ہے، جن حکومتوں کے بل بوتے پر یہ خرچہ چلاتا تھا، ہیلی کاپٹر پر پھرتا تھا اپنے ہاتھ سے حکومت توڑ کر سڑکوں پر پھر رہا ہے۔
علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ بھائیو، بہنو، بزرگو آپ سب کو مریم نواز اور نواز شریف کی طرف سے پوری قوم کو سلام، میں خوشخبری سنا دوں آپ کو، آپ کا اور میرا محبوب قائد جلد آپ کے اور ہمارے ساتھ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ آج بھی نواز شریف ملک کا سب سے بڑا لیڈر ہے، نواز شریف کو 2 مرتبہ ملک سے اور 3 مرتبہ حکومت سے نکالا گیا، نواز شریف بار بار واپس آیا، اس مرتبہ بھی پہلے سے زیادہ طاقت سے واپس آئے گا۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کی طرف سے اعتماد اور نئی ذمہ داریوں پر شکریہ ادا کرتی ہوں، پوری قوم اور آپ سے وعدہ ہے جب تک آپ کو مشکلات سے نہیں نکالیں گے آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف، شہباز شریف نے تم سے انتقام نہیں لیا، شیرو ذرا بتانا نواز شریف کے خلاف سازش کرنے والے سارے کردار اپنے اپنے انجام کو پہنچے یا نہیں پہنچے۔