لاہور( ایم این پی)عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی رہنما مولانا عزیزالرحمن ثانی، مبلغ ختم نبوت مولانا عبدالنعیم، سیدعبداللہ شاہ، قاری ظہورالحق، قاری محمداقبال، مولانا ظہیراحمد قمر، مولانا عبدالشکوریوسف نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی مغرب کی رذیل سوچ اور ذہنیت کی عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ سویڈن کے دائیں بازو کی انتہا پسند جماعت کے سربراہ راسموس پالودان کے قرآن پاک کی بے حرمتی کے ناپاک اور و مکروہ فعل نے ثابت کر دیا ہے کہ دنیا کو مذہبی آزادی، رواداری اور اعتدال پسندی کا درس دینے والا مغرب خود اسلام دشمنی میں بدترین قسم کی انتہا پسندی اور دہشت گردی پر اْتر آیا ہے۔ گزشتہ دنوں سویڈن میں قرآن کریم کی شان اقدس میں سخت گستاخی کی گئی جو کسی بھی صورت میں قابل برداشت نہیں ہے لہذا اس صورت حال کے پیش نظر آنے والے جمعہ 27جنوری کو بھرپور یوم احتجاج منایا جائیگا اور گورنمنٹ سے مطالبہ کیا جائے گا کہ سویڈن کے سفیر سے اس معاملہ پر بھرپور احتجاج کیا جائے اور آئندہ ایسے انتہائی نامناسب اقدامات کی روک تھام کی جائے۔ حقیقت یہ ہے کہ اسلاموفوبیا اہلِ مغرب کی رگ و پے میں سرایت کر چکا ہے۔ اسی لیے سویڈن کی پولیس بے حرمتی کرنے والے ملعون راسموس پالودان کو روکنے کی بجائے اس کی حفاظت کرتی رہی۔ روزِ اوّل سے دشمنانِ اسلام کی تمام تر کوششوں کے باوجود قرآنِ پاک میں نہ ہی معمولی سا رد و بدل کیا جا سکا اور نہ ہی اس کی عظمت پر کوئی آنچ آسکی جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ اس کتابِ مقدس کو اللہ تعالیٰ نے خصوصی تحفظ دیا ہوا ہے۔ لہٰذا اس کی توہین کی کوشش کرنے والوں کا مقدر ذلت اور رسوائی کے سوا کچھ نہ ہوگا۔
سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی مغرب کی رذیل سوچ اور ذہنیت کی عکاس ہے.مولانا عزیزالرحمن
Media Network Pakistan