اسلام آباد(ایم این پی)زیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج (منگل کو) اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ وز یراعظم نے وفاقی کابینہ کے ممبران کو اجلاس میں خوش آمدید کہا۔
کابینہ نے ملک میں بجلی کے نظام میں آنے والے بڑے تعطل کو مستقبل میں رونما ہونے سے روکنے اور اس کی وجہ بننے والے عوامل کے مستقل تدارک کے لئے جامع حکمت عملی کی تیاری کا حکم دیا ہے جبکہ عوام کو بجلی، پانی ، گیس سمیت دیگر وسائل کی بچت کی عادت ڈالنے اور اس کی اہمیت سے آگاہ کرنے کے لئے اپنی نوعیت کی پہلی ملک گیر عوامی آگہی مہم کی منظوری دے دی ہے، توانائی کی بچت کی عادتوں کوعام کیاجائے گا اور عالمی سطح پر رائج طریقوں کو تعلیمی نصاب میں شامل کیاجائے گا، سرکاری، نجی ، گھریلو اور تجارتی مقامات پر بجلی، گیس، پانی کی بچت سے پٹرولیم مصنوعات سے متعلق امپورٹ بل میں نمایاں کمی ہوگی جو گزشتہ 7 سال میں دوگنا ہوچکا ہے۔ توانائی کی بچت کے قومی رویے میں تبدیلی سے نہ صرف اربوں روپے کا غیرملکی زرمبادلہ بچے گا بلکہ انفرادی سطح پر عوام کے بل میں 30 سے 40 فیصد کی نمایاں کمی بھی ہوگی۔
وزیراعظم نے گزشتہ روز ( 23 جنوری 2023) کو ملک میں بجلی کے تعطل پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام اور کاروباری برادری کو جس تکلیف اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ہے، وہ ناقابل قبول ہے۔ مستقبل میں ایسے کسی واقعے کو برداشت نہیں کروں گا۔ وزیراعظم نے سخت ہدایت کی کہ عوام اور کاروباری برادری کو مشکل اور پریشانی میں مبتلا کرنے کے ذمہ داروں کاواضح تعین کیا جائے ۔ وزیراعظم نے یہ بھی ہدایت کی کہ بجلی تعطل کی وجہ بننے والے عوامل کا بھی تعین کیاجائے اور ایسے اقدامات کو یقینی بنایا جایا جن سے مستقبل میں ایسی کسی صورتحال پیدا نہ ہو۔ کابینہ کو بتایاگیا کہ بجلی کے تعطل پروزیراعظم کی تشکیل کردہ اعلی سطح کی کمیٹی نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ کمیٹی تمام حقائق کا جائزہ لے کر جامع رپورٹ پیش کرے گی۔ وزیر توانائی نے کابینہ کو بتایا کہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ صبح 7بج کر 34 منٹ پر نارتھ ساﺅتھ ٹرانسمیشن لائن میں فنی خرابی، برقی رو میں اچانک آنے والے اتارچڑھاﺅ( Voltage Fluctuation ) اورفریکوئنسی میں تعطل(Frequency Disruption) کے نتیجے میں ہوا جس کے بعد بجلی کا ترسیلی نظام خودکارحفاظتی نظام کے تحت (Trip) بند ہوگیا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کے فوری نوٹس اور ہدایات کے بعد ملک بھر میں بجلی کی بحالی کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا گیا اور 23 جنوری کی شب 10 بجے تک تمام بڑے شہروں میں بجلی بحال کردی گئی ہے۔ ملک میں تمام 1112 گرڈاسٹیشنز کو آج(منگل کی) صبح 5 بجے تک بحال کردیا گیا ہے اور بجلی کی فراہمی صارفین تک یقینی بنا ئی جارہی ہے۔