ملک بھر میں بڑا بریک ڈاؤن، 10 گھنٹے بعد بھی بجلی بحال نہ ہو سکی

Media Network Pakistan

اسلام آباد (ایم این پی) ملک بھر میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہونے کی وجہ سے 10گھنٹے گزرنے کے بعد بھی بجلی بحال نہ ہو سکی۔

بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن نے این ٹی ڈی سی کی کارکردگی کا پول کھول دیا، ادارہ بجلی بحالی کا وقت بھی بتانے سے قاصر ہے، بحالی کیلئے مزید 7 سے 8 گھنٹے لگنے کا امکان ہے، بریک ڈاؤن کے وقت پروٹیکشن سسٹم نے کام نہیں کیا، پروٹیکشن سسٹم کے رسپانس نہ دینے کے باعث بڑا بریک ڈاؤن ہوا۔

ذرائع کے مطابق این ٹی ڈی سی نے تاحال بریک ڈاؤن کی وجوہات نہیں بتائیں، لیسکو ریجن کو بند ہوئے 10 گھنٹے سے زائد ہو گئے، تربیلا اور منگلا پاور پلانٹ کو چلانے کی 2 کوششیں ناکام ہوئیں، گڈو سے کوئٹہ جانے والی این ٹی ڈی سی میں خرابی پیدا ہوئی، خرابی سے بجلی کی ترسیل میں تعطل آیا۔

این ٹی ڈی سی اور پاور پلانٹ میں رابطہ منقطع ہونے سے بجلی کی فریکوینسی کم ہوئی، کیسکیڈنگ کے باعث ایک کے بعد دوسرے پاور پلانٹ ٹرپ کرتے گئے، پاور پلانٹس بند ہونے سے سندھ، جنوبی پنجاب، سینٹرل پنجاب کی بجلی بند ہو گئی، لیسکو کو فیڈ کرنے والے 9 گرڈ سٹیشنز بھی بند ہوئے۔

بریک ڈاؤن کے باعث لیسکو کے 132 کے وی کے 153 گرڈ سٹیشنز بند ہونے کی وجہ سے لاہور، ننکانہ، شیخوپورہ، اوکاڑہ، قصور کے علاقے بجلی سے محروم ہیں، بجلی نہ ہونے کی وجہ سے لاہور میں پانی بحران سر اٹھانے لگا، شہریوں کو ٹیوب ویلز بند ہونے کی وجہ سے پانی کی قلت کا سامنا ہے جبکہ ہسپتال اور دیگر ادارے بھی بجلی سے محروم ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں