کراچی(ایم این پی) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی کی اس وقت یہ پوزیشن ہے کہ ہم اپنا میئر بنائیں گے، کراچی شہر کی خدمت کیلئے تیار ہیں ۔
میئر کراچی کے معاملے پر بات چیت کے لیے جماعت اسلامی کے وفد نے پی ٹی آئی سیکرٹریٹ میں علی زیدی سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کی۔
ملاقات کے بعد حافظ نعیم الرحمان نے علی زیدی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بڑی تعداد میں لوگوں نے ہمیں ووٹ دیا، حلقہ بندیوں پر ہمیں بھی تحفظات تھے، اگر جائز طریقے سے پیپلز پارٹی بھی جیتےتو ہمیں کیا اعتراض ہوسکتا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہم سب کے مینڈیٹ کا احترام کریں گے لیکن اس کے لئے کم از کم جائز ہونا ضروری ہے ، اس شہر کے مینڈیٹ کا تحفظ کرنا سب سیاسی پارٹیوں کی ذمہ داری ہے، شہریوں کا فرض ہے ہمارا ساتھ دیں اور ہمارا فرض ہے شہریوں کے ڈالے گئے ایک ایک ووٹ کی حفاظت کریں۔
انہوں نے کہا کہ علی زیدی اور ان کی پوری ٹیم کا شکر ادا کرتا ہوں انہوں نے الیکشن کے بعد ہمارے لیے کلمہ خیر کہا اور ہمارے مینڈیٹ کو تسلیم کیا۔
اس موقع پر علی زیدی نے کہا کہ فارم 11 کے معاملے پر 4 رکنی مشترکہ کمیٹی بنانے پر اتفاق ہوا ہے، مشترکہ کمیٹی فارم 11 اور الیکشن سے متعلق دیگر معاملات کو دیکھے گی۔