لاہور (ایم این پی) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ مخالفین کو اعتماد کے ووٹ کے دن ایسا سرپرائز ملا کہ ان کی نسلیں بھی یاد رکھیں گی، عام انتخابات جلد ہوں گے اور پی ٹی آئی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالہٰی سے سپیکر پنجاب اسمبلی محمد سبطین خان اور راجہ بشارت نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر چودھری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ عام انتخابات جلد ہوں گے اور پی ٹی آئی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی، پنجاب اسمبلی عمران خان کی امانت تھی، جب عمران خان نے کہا اسمبلی کی امانت انہیں واپس کر دی، ہم جس کے ساتھ چلتے ہیں، خلوص اور دل سے ساتھ نبھاتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان پاکستان کے سب سے مقبول ترین لیڈر ہیں، مخالفین کو اعتماد کے ووٹ کے دن ایسا سرپرائز ملا کہ ان کی نسلیں بھی یاد رکھیں گی، مخالفین کو آئندہ بھی سرپرائز دیں گے۔
سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان اور راجہ بشارت نے کہا کہ آپ نے جو عہد کیا اسے بخوبی نبھایا، آپ کی استقامت اور جرات کو سلام پیش کرتے ہیں۔