لاہور (ایم این پی) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے وزیر اعلیٰ کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا حکم واپس لے لیا جس کے بعد لاہور ہائی کورٹ نے چودھری پرویز الٰہی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا ہے۔
لاہور ہائی کورٹ میں وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الہٰی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس عابد عزیز شیخ کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے درخواست پر سماعت کی۔
دوران سماعت وکیل چودھری پرویز الٰہی بیرسٹر علی ظفر نے اعتماد کے ووٹ کے لئے تاریخ اور وقت کے تعین سے متعلق گورنر کے اختیارات پر دلائل دیتے ہوئے کہا کہ گورنر اجلاس بلانے کے لئے سپیکر اسمبلی کو کہہ سکتا ہے، تاریخ اور وقت کا تعین سپیکر کرتا ہے۔
جسٹس عابد عزیز شیخ نے کہا کہ اعتماد کا ووٹ تو آپ نے لیا ہے، یہ ہوسکتا ہے کہ ہم کہہ دیتے ہے کہ گورنر کا نوٹیفکیشن درست نہیں تھا، پھر آپ اسمبلی جا کر جو کرنا چاہیں وہ کریں، آپ نے یہ جو کاپی پیش کی ہے کہ اس کے مطابق آپ نے آرٹیکل 137 کے تحت ووٹ لیا ہے، اس کا مطلب ہے گورنر کا حکم درست تھا، اگر گورنر کا نوٹیفکیشن کالعدم ہوگا تو پھر تو آپ کے ووٹ لینے کا معاملہ بھی کالعدم ہو جائے گا، آپ نے عدالت کو مطمئن کرنے کے لئے نہیں بلکہ آرٹیکل 137 کے تحت ووٹ لیا ہے۔