اتنی بڑی رقم کا ملنا اتحادی حکومت پر دنیا کے اعتماد کا مظہر ہے: وزیر اعظم

Media Network Pakistan

جنیوا(ایم این پی) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ اتنی بڑی رقم کا ملنا اتحادی حکومت پر دنیا کے اعتماد کا مظہر ہے، عالمی مالی امداد کی امانت کو دیانتداری، شفافیت اور تھرڈ پارٹی آڈٹ سے حقداروں تک پہنچائیں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ہے جس نے پاکستان اور مصیبت زدہ عوام کے لئے بہتری کی راہ کھولی، ویل ڈن پاکستان، 9 ارب ڈالر سے زائد رقم سیلاب متاثرین اور بحالی میں غیبی مدد سے کم نہیں، اتنی بڑی رقم کا ملنا موجودہ اتحادی حکومت پر دنیا کے اعتماد کا مظہر ہے، یہ اکائیوں اور 22 کروڑ عوام کے اتحاد کی کامیابی ہے، یہ پاکستان کے ٹیم ورک کی کامیابی ہے، اسی ٹیم ورک اور قومی جذبے سے پاکستان اور عوام کو مشکلات کی دلدل سے نکالیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ تمام عالمی پارٹنرز بالخصوص سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کا تہہ دل سے شکرگزار ہوں، کانفرنس میں شریک تمام ملکوں کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہیں، عالمی مالیاتی اداروں کا شکریہ جنہوں نے 3 کروڑ 30 لاکھ سیلاب متاثرین کی مشکلات کو سمجھا، اسلامی ترقیاتی بینک، ورلڈ بینک، اے ڈی بی، یو ایس ایڈ، ڈیفیڈ اور دیگر اداروں کا شکریہ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں