آئی ایم ایف کی وجہ سے ملک میں مہنگائی ہے: رانا ثناء اللہ

Media Network Pakistan

فیصل آباد(ایم این پی) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اس وقت ملک کافی مشکلات کا شکار ہے، معاشی بحران میں سب سے زیادہ عمل دخل آئی ایم ایف کا ہے، آئی ایم ایف کہہ رہا ہے پٹرول کی قیمتیں بڑھائیں اور سبسڈیز کو ختم کریں، آئی ایم ایف کی وجہ سے مہنگائی ہے۔

فیصل آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ آئی ایم ایف کہتا ہے پہلے شرائط کو پورا کریں بعد میں مدد کریں گے، معاہدے پرعمل کریں گے تو اشیا کی قیمتیں بڑھتی ہیں، پٹرول کی قیمت بڑھنے سے مہنگائی بھی بڑھ جاتی ہے، وزیراعظم مہنگائی کو کم کرنے کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں، آئی ایم ایف معاہدے کے حوالے سے لوگ مختلف قسم کی کہانیاں گھڑ رہے ہیں، دوسری طرف بے شرم شخص چاہتا ہے ملک ڈیفالٹ کر جائے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں ملک ترقی کر رہا تھا، اس وقت کوئی نہیں کہہ رہا تھا کہ پاکستان ڈیفالٹ کر رہا ہے، جب ملک ترقی کر رہا تھا تو اس بدبخت کو لانے کی کیا ضرورت تھی؟، اس کو لانے کیلئے ایسے کیسز بنائے گئے جو ثابت نہیں ہو سکے، ججز نے چھ پوائنٹ پر مریم نواز کو بری کیا پانچ پوائنٹ کا تعلق نواز شریف سے ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان نے ساڑھے تین سال مخالفین کے خلاف جھوٹے کیسز بنانے کے سوا کچھ نہیں کیا، اس کے نیتجے میں ملک کی اکانومی نیچے کی طرف گئی، وہ اپنے مخالفین کو گالیاں نکالتا ہے، یہ ایک ایسا فتنہ، فساد ہے اگر قوم پر مسلط ہو گیا تو یہ اس قوم کو کسی حادثے سے دوچار کر دے گا، قوم کو ووٹ کی طاقت سے اس کو مائنس کرنا چاہیے، بدقسمتی ہے بدبخت انسان مسلط ہوا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتا ہے مہنگائی ہو گئی، آئی ایم ایف سے معاہدہ تم نے کیا اور توڑ دیا، تم پوری قوم کو فساد کے حوالے کرنا چاہتے ہو، یہ ثابت کرے کہ اس کی آڈیوغلط ہے، تم اتنے بے شرم ہو تمہاری گھٹیا گفتگو کو بندہ تنہائی میں بھی نہیں سن سکتا، سوشل میڈیا پر نوجوانوں کو گمراہ کیا جا رہا ہے، لوگوں کو اوئے، توئے کا کلچر سکھا رہے ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں