افغانستان کو بتا دیا ٹی ٹی پی پاکستان کیلئے ریڈ لائن ہے : بلاول بھٹو

Media Network Pakistan

واشنگٹن (ایم این پی) وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ افغانستان کو بتا دیا ٹی ٹی پی پاکستان کیلئے ریڈ لائن ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دیں، خطے کا امن افغانستان کے امن سے مشروط ہے، پاکستان نے خطے میں امن کیلئے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

واشنگٹن میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوامیں دہشت گردی عمران خان کی پالیسیوں کی وجہ سے پھیلی، پی ٹی آئی حکومت نے کے پی پرتوجہ دی ہوتی تو آج یہ حالات نہ ہوتے، کوئی سیاسی جماعت اور ادارہ عمران خان کی بلیک میلنگ میں نہیں آئے گا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے، عمران خان ایک خاص وجہ کیلئے جلد انتخابات چاہتے ہیں، وہ چاہتے ہیں خاص جگہوں پر موجود ان کےحمایتی انتخابات میں مدد کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے، رواں سال ریکارڈ بارشیں پاکستان میں سیلاب کا باعث بنیں جس سے 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔

وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ امریکا کے ساتھ انسداد دہشت گردی سمیت دیگر معاملات پر بات ہوئی، افغانستان میں طالبان اپنے وعدے پورے نہیں کر رہے، افغانستان میں کالعدم ٹی ٹی پی سمیت دیگر گروہ مضبوط ہو رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں