ماسٹر پلان2050ءلاہور ڈویژن کے روشن مستقبل کا تعین کرے گا ۔ عامرا حمد خان

Media Network Pakistan

لاہور(ایم این پی)لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل عامر احمد خان نے کہا ہے کہ ماسٹر پلان2050ءآئندہ تین دہائیوں کے لیے لاہور ڈویژن کے روشن مستقبل کا تعین کرے گا۔تمام سٹیک ہولڈرز ماسٹر پلان2050ءپر عمل کرنے کے پابند ہوں گے اورریگولیٹری اتھارٹی ماسٹر پلان2050ءپر ہرصورت عمل درآمد کروا ئے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ماسٹر پلان میں روڈ نیٹ ورکس، دیگر انفراسٹرکچرز ، ایگری کلچر ، معاشی و رہائشی سرگرمیوں ،ٹرانسپورٹیشن ، گرین ایریاز، تعلیم وصحت سمیت بہت سی دیگر سہولتوں کا تعین کیاگیا ہے ۔ یہ ماسٹر پلان ہر قسم کی شہری و دیہی سہولتوں سمیت تحفظ ماحول کے لیے بھی خصوصی طور پر کار آمد ہوگا۔


وہ گزشتہ روز ایل ڈی اے اور محکمہ ماحولیات کے زیر اہتمام ماسٹر پلان2050ءکے ماحولیات کے متعلق منعقد ہونے والی ”عوامی شنوائی “سے گفتگو کرر ہے تھے۔ عوامی شنوائی میں ڈائریکٹر جنرل محکمہ ماحولیات، قومی و بین الاقوامی کنسلٹنٹس ،ڈویلپرز ، انجینئر ز،سٹیک ہولڈرز سمیت عام شہریوں نے بڑی تعدادا میں شرکت کی ۔

عوامی شنوائی میں معروف آرکیٹیکٹ کامل خان ممتاز،چیف میٹروپولیٹن پلانر سید ندیم اختر زیدی اور چیف ٹاﺅن پلانر ایل ڈی اے شکیل انجم منہاس نے ماسٹر پلان کے متعلق بریفنگ دی۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل عامر احمدخان نے کہا کہ ماسٹرپلان 2050ءکی تیاری میں قومی اور عالمی کنسٹلسٹنس،انجینئرز کی خدمات حاصل کی گئی ہیں اور عام شہریوں کی تجاویز کا بھی خیر مقدم کیاگیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ماسٹر پلان2050ءکے تحت تاریخی ورثے کو محفوظ کرنے کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں ۔ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ایک بڑا مسئلہ ہے ، اس کی ڈسپوزل کے لیے بھی ماسٹر پلان میں خصوصی توجہ دی گئی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ماسٹر پلان کے تحت رنگ روڈ منصوبے سے چھوٹے بڑے شہرآپس میں مل جائیں گے۔ گندے پانی کو صاف کرنے ،بارشی پانی کو محفوظ کرنے ،آلودگی اورسموگ کے خاتمے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ماسٹر پلان2050ءتمام شہری سہولتوں کی فر اہمی کے ساتھ ساتھ آلودگی کے خاتمے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں