خطے میں دہشتگردی کیلئے متعدد تنظیموں کو بھارتی معاونت حاصل ہے: حنا ربانی کھر

Media Network Pakistan

اسلام آباد (ایم این پی) وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ پاکستان میں بھارتی دہشت گردی کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں، بلوچستان سمیت دیگر علاقوں میں ہونے والی دہشت گردی میں “را “ملوث ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا کہ سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس اور کلبھوشن کی گرفتاری بھی واضح ثبوت ہیں، پاکستان تمام ثبوتوں کے ساتھ دنیا کو بھارتی دہشت گردی سے آگاہ کررہا ہے، اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کے ارکان سے بھی ڈوزیئر شیئر کیا ہے۔

وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر کا مزید کہنا تھا کہ بھارت خطے میں دہشت گردی کی متعدد تنظیموں کی معاونت و مدد کرتا رہا ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں مسلسل انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا مرتکب ہے، عالمی برادری احتساب کرے۔

حنا ربانی کھر نے کہا بھارت سے زیادہ اور کسی نے دہشت گردی کا فائدہ نہیں اٹھایا، بھارت نے عالمی سطح پر انسداد دہشت گردی کے لیے کوئی کردار ادا نہیں کیا، جوہر ٹاؤن واقعہ میں بھارت کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید ثبوت ملے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ لاہور واقعہ کے ذمہ داران بھارت کی پناہ میں ہیں، بھارت ہمسایہ ممالک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کیلئے سرگرم ہے، بھارت مسلسل عالمی قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب ہو رہا ہے، پاکستان اس خطے میں واقعہ ہے جہاں بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے۔

حنا ربانی نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے،پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت قربانیاں دی ہیں، پاکستان آج بھی دہشت گردی کا مقابلہ کررہا ہے، بھارت پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں