لندن: (ایم این پی) قائد پاکستان مسلم لیگ ن و سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے کہا کہ جو شخص خود سر سے پاؤں تک کرپشن میں ملوث ہے وہ دوسروں پر کرپشن کے الزامات لگا رہا ہے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیاسی قیادت کو بدنام کرنے کے لئے سازش کی گئی تھی، عمران خان پر خود اتنے الزامات ہیں جن کے ثبوت آگئے ہیں، توشہ خانہ کے علاوہ اور بھی بہت سارے کیسز ان کے خلاف ہیں۔
لندن میں گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ الله پاک نے شہباز شریف اور شریف خاندان کو سرخرو کیا، عمران خان کی ایما پر شہزاد اکبر نے جو شہباز شریف پر جھوٹے الزامات لگائے اس پر برطانیہ کے سب سے بڑی اخبار ڈیلی میل نے عدم ثبوت کی بنا پر معافی مانگ لی، انہوں نے کہا کہ منی لانڈرنگ، کرپشن، کمیشن، کک بیکس، فنڈز اور آفس کے غلط استعمال کے شہباز شریف پر جھوٹے الزامات لگاۓ گئے، ان الزامات کی نیشنل کرائم ایجنسی پہلے ہی تحقیقات کر کے شہباز شریف کو کلین چٹ دے چکی ہے۔
قائد مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں نہ پی ایم ایل این کی حکومت ہے، نہ تحریک انصاف کی اور نہ ہی کسی اور سیاسی جماعت کی، یہ ایک آزاد جمہوری ملک ہے، عوام کی حکمرانی ہے، وہ ملک یہ کہہ رہا ہے اس ملک کے اخبار نے معافی مانگی ہے، کسی کی معصومیت اور بے گناہی کا اس سے بڑا اور کیا ثبوت ہو، ڈیلی میل کے بغیر ثبوت الزامات پر معافی کے بعد عمران خان انکی پارٹی اور شہزاد اکبر کو اپنا سر شرم سے جھکا لینا چاہیے، یہ لوگ ملک سے باہر ملک کی بدنامی کا سبب بنے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ جسٹس شوکت صدیقی، جج ارشد ملک کیا کہہ گئے، خود ثاقب نثار کی آڈیو لیکس ہوئیں، یہ سب ہماری بے گناہی کے ثبوت ہیں، مریم نواز کے حق میں فیصلہ بھی عدم شواہد کی بنا پر آیا، انہوں نے کہا کہ عمران خان پر کرپشن کے صرف الزامات نہیں بلکہ ثابت شدہ کرپشن ہے، بچے بچے کی زبان پر توشہ خانہ چوری کے قصے ہیں، جو شخص خود سر سے پاؤں تک کرپشن میں ملوث ہے وہ ان لوگوں پر الزامات لگا رہا ہے جنہیں برطانیہ کی عدالتوں سے، یہاں کی حکومتوں سے بے گناہی کے ثبوت ملے، پاکستانی قوم کو ان سب چیزوں کو غور سے دیکھ کر سمجھنا چاہیے۔