ہمارے لوگ اسمبلیاں تحلیل ہونے سے گھبرا رہے ہیں: عمران خان

Media Network Pakistan

لاہور(ایم این پی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نیب کو میں کنٹرول نہیں کر رہا تھا، ہمارے بعض لوگ اسمبلیاں تحلیل ہونے سے گھبرا رہے ہیں۔

لاہور میں کرنٹ افیئرز وی لاگرز سے ملاقات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کسی اتحادی کی بات اچھی نہیں لگتی تو کارکن نظر انداز کریں، اتحادیوں کی ہر بات ہماری لائن لینتھ پر نہیں ہو سکتی، ہمیں ایسی باتوں کو درگزر کرنا چاہیے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے مزید کہا کہ اب دوبارہ اقتدار میں آئے تو احتساب کا نظام بہتر کریں گے، نیب کو میں کنٹرول نہیں کر رہا تھا، ہمارے بعض لوگ اسمبلی تحلیل ہونے سے گھبرا رہے ہیں، اسمبلیاں تحلیل ہونے سے ہماری مقبولیت کم نہیں ہو گی۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کو مزید وقت دینا ملکی معیشت کے ساتھ ظلم ہوگا، حکومت معیشت اور ملک سنبھالنے میں مکمل ناکام ثابت ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے چئیرمن عمران خان کے زیر صدارت شیخوپورہ، قصور اور ننکانہ صاحب سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وسطی پنجاب کی صدر ڈاکٹر یاسمین راشد، صوبائی وزیر آصف نکئی، رکن قومی اسمبلی سردار طالب نکئی، رکن قومی اسمبلی بریگیڈیئر (ر) راحت امان، صوبائی وزیر سید علی عباس شاہ، رکن قومی اسمبلی سردار عامر ڈوگر، رکن پنجاب اسمبلی خرم اعجاز چھٹہ سمیت دیگر شریک ہوئے۔

اجلاس میں اسمبلیوں کی تحلیل اور استعفوں کے معاملے پر مشاورت کی گئی، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے عمران کو صوبائی اسمبلی کی تحلیل پر اپنے مکمل تعاون کی یقین دہائی کرائی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں