امریکی ڈالر مزید مہنگا، سٹاک مارکیٹ میں بھی مندی، اربوں کا نقصان

Media Network Pakistan

لاہور(ایم این پی) ملک بھر میں ایک مرتبہ پھرروپےکے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سٹاک مارکیٹ میں اتار چڑھائو کے بعد مندی کا رجحان رہا۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اعدادو شمار کے مطابق رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز کے دوران انٹربینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر 39 پیسے بڑھ گئی۔

اعدادو شمار کے مطابق انٹربینک میں روپے کے مقابلے امریکی ڈالر کی قیمت 223روپے 42 پیسے سے بڑھ کر 223 روپے 81پیسے ہو گئی۔

ادھر انٹربینک کے برعکس اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت میں استحکام ریکارڈ کیا گیا۔ اس وقت اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی کی قدر 231 روپے کی سطح پر برقرار ہے۔

دوسری طرف پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تیسرے کاروباری روز کے دوران سیاسی اور معاشی غیر یقینی صورتحال کے باعث اتار چڑھائو غالب رہا، جس کے باعث 100 انڈیکس میں 48 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی۔

کاروبار میں مندی کے باعث 100 انڈیکس 42 ہزار 880 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.11 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی جبکہ 5 کروڑ 65 لاکھ 67 ہزار 438 شیئر کا کاروبار ہوا۔ تاہم مندی کے باعث سرمایہ کاروں کو اربوں روپے کا نقصان ہوا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں