فوجیوں کیلئے معیاری صحت کی سہولیات فلاحی نظام کی بنیادی خصوصیت ہے: آرمی چیف

Media Network Pakistan

لاہور(ایم این پی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ فوجیوں اور ان کے خاندانوں کے لیے معیاری صحت کی سہولیات فلاحی نظام کی بنیادی خصوصیت ہے، یہ فوجیوں کے مورال کے لیے اہم ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق الوداعی دورے کے دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آرمی میڈیکل کور کے مختلف جگہوں کا دورہ کیا۔ سرجن جنرل لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر بھی دورے کے دوران ہمراہ تھیں۔ سی ایم ایچ پہنچنے پر کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے استقبال کیا۔

بیان کے مطابق سی او اے ایس نے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) راولپنڈی کا دورہ کیا، میجر جنرل محمد محسن قریشی کمانڈنٹ سی ایم ایچ نے انہیں جدید ترین صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کو بریفنگ دی گئی کہ طبی سہولیات کی دیکھ بھال کی منصوبہ بندی عالمی بہترین طریقوں کے مطابق کی گئی ہے اور مریضوں کی دیکھ بھال ہسپتال انتظامیہ کی توجہ کا مرکز ہے۔ سویلین اور مستحق مریضوں کی سہولت کے لیے خصوصی کاؤنٹر بھی قائم کیے گئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مریضوں کو دوستانہ ماحول فراہم کرنے اور مریضوں کے اٹینڈنٹ کے لیے متعلقہ سہولیات فراہم کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں