اسلام آباد: (ایم این پی) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم جو بھی آرمی چیف تعینات کریں گے ہم ان کا ساتھ دیں گے، لانگ مارچ کا انہی تاریخ میں اعلان کا مقصد آرمی چیف کی تعیناتی کو متنازع بنانا ہے، اگر صدر نے گڑبڑ کرنے کی کوشش کی تو پھر انہیں نتائج بھی بھگتا پڑیں گے، عمران خان کو ملک پر مسلط کیا گیا، گزشتہ 4 سال میں خارجہ پالیسی کو نقصان پہنچایا گیا، پی ٹی آئی چیئرمین نے غیر جمہوری قوتوں کے کندھوں پر سیاست کی، سابق وزیراعظم کے فیصلے کی وجہ سے اتنا نقصان پہنچایا گیا کہ ملک ڈیفالٹ کے خطرے میں ہے۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جمہوریت کی ترقی میں پیپلز پارٹی کا خون، پسینہ شامل ہے، عمران خان کا کرکٹر سے لیکر سلیکٹ ہونے کا سفر سب کے سامنے ہے، پاکستان کی تاریخ سب کے سامنے ہے، عمران خان کو ملک پر مسلط کیا گیا، گزشتہ چارسال میں خارجہ پالیسی اور پاکستان کو نقصان پہنچایا گیا، سارا بوجھ پاکستان کے عوام اٹھا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ روس، یوکرین جنگ سے پوری دنیا کو معاشی تباہی کا سامنا ہے، سابق وزیراعظم کے فیصلے کی وجہ سے اتنا نقصان پہنچایا گیا کہ ڈیفالٹ کے خطرے میں ہیں، مشرق وسطیٰ، یورپ سے لیکر امریکا تک تعلقات کو نقصان پہنچایا گیا، عمران خان کے نام نہاد لانگ مارچ کا کوئی جمہوری مقصد نہیں ہے، عمران خان نے پوری سیاست غیر جمہوری قوتوں کے کندھوں پر کی، ایک شخص کی انا کی وجہ سے ملک کو نقصان پہنچایا گیا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ خان صاحب اور ان ساری قوتوں کو پیغام دیتا ہوں اب یہ کھیل کھیلنا بند کر دیں، پاکستان اور عوام یہ کھیل افورڈ نہیں کرسکتے، اگر حقیقی آزادی، جمہوریت مقصد ہے تو اسی ہفتے کو لانگ مارچ کے اعلان کو کیوں چنا؟ لانگ مارچ کے لیے پنڈی کو کیوں چنا گیا؟، خان صاحب کا مقصد ہے کہ ایک بار پھر ملک کی قسمت کے ساتھ کھیل کھیلا جائے، سیاست، احتجاج کرنا عمران خان کا حق ہے لیکن اس تقرری کو آئینی و قانونی طریقے سے مکمل ہونے دیں پھر سو بسم اللہ۔