لکی مروت میں پولیس موبائل پر دہشت گردوں کا حملہ،6 پولیس اہلکار شہید

Media Network Pakistan

لکی مروت(ایم این پی) لکی مروت میں پولیس موبائل پر دہشتگردوں کے حملے کے نتیجے میں 6 پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تھانہ ڈاڈیوالہ کی حدود میں دہشت گردوں نے پولیس چوکی عباسہ خٹک کی موبائل گاڑی کو نشانہ بنایا،گاڑی میں پولیس اہلکار سوار تھے۔پولیس کے مطابق ہفتہ وار میلے میں پولیس موبائل سکیورٹی کیلئے جارہی تھی جس دوران موٹرسائیکل پر سوار دہشتگردوں نے تھانہ ڈاڈیوالہ کی حدود میں موبائل پر گولیاں برسا دیں جس کے باعث 6 پولیس اہلکار شہید ہوئے۔

پولیس حکام کے مطابق دہشتگردوں کے حملے میں شہید ہونے والوں کی شناخت اسسٹنٹ سب انسپکٹر علم دین،کانسٹیبل پرویز،احمد،دل جان،عبداللہ اور محمود کے ناموں سے ہوئی۔واقعہ کے بعد علاقے کی ناکہ بندی کردی گئی اور دہشتگردوں کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے لکی مروت میں پولیس وین پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے جس میں 6 پولیس اہلکار شہید ہو ئے۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے شہدا ء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ قوم مادر وطن پر جان قربان کرنے والے بیٹوں کوسلام پیش کرتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد پاکستان کے دشمن ہیں اور پورا پاکستان دہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوگا ۔ پولیس نے دہشت گردی کے خلاف ہراول دستے کا قابل فخر کردار ادا کیا ہے۔

وزیراعظم نے شہدا کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند اور لواحقین کو صبر جمیل عطافرمائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت شہدا کو اعزازات اور شہدا پیکج دے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے بھی لکی مروت حملے کی مذمت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری اور آئی جی خیبر پختو نخوا سے رپورٹ طلب کرلی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں