وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے روڈ سیفٹی ٹاسک فورس تشکیل دے دی

Media Network Pakistan

لاہور: (ایم این پی) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے روڈ سیفٹی ٹاسک فورس تشکیل دے دی، ٹاسک فورس ٹریفک حادثات کی روک تھام کیلئے جامع لائحہ عمل تیار کرے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، روڈ سیفٹی کے لئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب نے ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لئے بڑ اقدام کرتے ہوئے صوبائی ٹاسک فورس برائے روڈ سیفٹی تشکیل دے دی، فورس ٹریفک حادثات کی روک تھام کیلئے جامع لائحہ عمل تیار کرے گی، ٹاسک فورس کی تجاویز کی روشنی میں ٹریفک حادثات سے بچاؤ اورعوام کی سیفٹی کیلئے فور ی اقدامات کئے جائیں گے، اس ضمن میں ضروری قانون سازی بھی کی جائے گی۔

ٹاسک فورس کے سربراہ صوبائی وزیر راجہ بشارت ہوں گے چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، ٹریفک حکام اور دیگر افسران ٹاسک فورس کے ممبرز ہونگے۔

چودھری پرویزالٰہی نے موٹرسائیکل رکشہ کی جگہ الیکٹرک منی کارڈ متعارف کرانے کی منظوری دے دی، صوبے میں آلودگی میں کمی کیلئے ماحول دوست الیکٹرک بائیک کو فروغ دینے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے، پنجاب میں الیکٹرک بائیکس اور الیکٹرک گاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، موٹرسائیکل رکشہ کو بھی مرحلہ وار گالف کارٹ گاڑی میں تبدیل کر دیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ انسپکشن کے بعد گاڑیوں پر ریڈ ایبل ٹوکن سٹکر چسپاں کیا جائے گا، ریڈ ایبل انسپکشن ٹوکن نہ ہونے کی صورت میں گاڑی فوری طور پر آف روڈ کر دی جائے گی، ٹریفک حادثات میں کمی کیلئے سڑکوں اور سرکاری گاڑیوں کی مرمت پر خصوصی توجہ دی جائے، ٹریفک پولیس خراب ہیڈ لائٹس اور اینڈی کیٹرزکے معاملے پر زیروٹالرنس اختیار کرے، کم عمر ڈرائیوروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔

اس موقع پر ڈی جی ریسکیو 1122 سروس ڈاکٹر رضوان نصیر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ٹریفک حادثات میں روزانہ 10 افراد جاں بحق اورمتعدد زخمی ہوتے ہیں، ہر 2منٹ بعد پنجاب میں کہیں نہ کہیں ٹریفک حادثہ رونما ہوتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں