بیجنگ (ایم این پی) وزیر اعظم شہباز شریف نے چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعاون بڑھنے اور اسٹریٹیجک شراکت داری مزید مضبوط کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بیجنگ میں وزیر اعظم شہباز شریف اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان ملاقات ہوئی ہے،دونوں رہنماؤں میں سی پیک سمیت اقتصادی تعاون اور پاک چین تعلقات کے مزید فروغ پر گفتگو کی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کسی کو بھی پاک چین مضبوط اقتصادی شراکت داری کو نقصان نہیں پہنچانے دیں گے۔چین کے ساتھ تجارتی،سرمایہ کارانہ تعلقات بڑھانا چاہتے ہیں۔چینی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع فراہم کررہے ہیں۔پاکستان میں چینی باشندوں اور ان کے منصوبوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔
انکا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی نے اندرونی اور بیرونی تبدیلیوں کو برداشت کیا۔
پاکستان کے لیے چین کے ساتھ تعلقات ہماری خارجہ پالیسی کی بنیاد ہیں۔چین پاکستان کا سب سے بڑا سرمایہ کاری کا شراکت دار ہے۔ وزیراعظم کی آج چینی سرمایہ کاروں اور پاکستانی تاجروں سے بھی ملاقات ہو گی۔پاکستان اور چین کے درمیان سی پیک سمیت کثیر الجہتی تعاون میں مزید فروغ کے لیے بات چیت ہو گی۔شہباز شریف کی جانب سے وزارت عظمٰی کا منصب سنبھالنے کے بعد چین کا یہ پہلا دورہ ہے۔