اسلام آباد(ایم این پی) گزشتہ روز کے بریک ڈاؤن کے بعد ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی تا حال مکمل طور پر بحال نہ ہوسکی۔
بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن کے 24 گھنٹے بعد بھی ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی مکمل طور پر بحال نہ ہوسکی۔ کراچی کے بھی متعدد علاقے تا حال بجلی سے محروم ہیں۔
پاور ڈویژن کے ذرائع کے مطابق تھرمل پاور پلانٹس 50 فیصد پر بجلی پیدا کررہے ہیں جبکہ تربیلا ڈیم سے بجلی پیدا کرنے والے 10 یونٹس بند ہیں۔ ٹرانسمیشن لائنز کی مکمل بحالی کا کام جاری ہے۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار 932 میگاواٹ اوربجلی کی مجموعی پیداوار 16 ہزار 68 میگاواٹ ہے۔ ملک میں بجلی کی کل طلب 24 ہزار میگاواٹ ہے۔
ترجمان وزارت توانائی نے بیان میں کہا ہے کہ پورے پاکستان میں بجلی کی ترسیل اور پیداوار بحال کردی گئی ہے۔ کراچی میں بھی بجلی کی سپلائی بحال ہوگئی ہے۔ملک میں معمول کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔ بجلی کی بحالی وزارت توانائی اور این ٹی ڈی سی حکام کی سخت محنت سے ممکن ہوئی۔
پاور ڈویژن ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پانی سے 3 ہزار 5سو میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔سرکاری تھرمل پلانٹس ایک ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کررہے ہیں اور نجی شعبے کے بجلی گھروں کی مجموعی پیداوار 8 ہزار 5 سو میگا واٹ ہے۔
ونڈ پاور پلانٹس سے 8 سو 50 میگاواٹ اور سولر پلانٹس سے 155 میگا واٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔ بگاس پاور پلانٹس سے 62 میگا واٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔ جوہری ایندھن 2 ہزار ایک میگا واٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔ اسلام آباد ریجن میں 5 گھنٹے تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔ملک کے مختلف علاقوں میں ہر ایک گھنٹے بعد بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔