اسلام آباد(ایم این پی) وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کی بھول ہے کہ لانگ مارچ اسلام آباد پہنچ جائے گا، لانگ مارچ کو پوری طاقت سے روکیں جس لیے سیکیورٹی اداروں کو ہر طرح کا اختیار دیا جائے گا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ جب بھی مجھے بات کرنے کا موقع ملا ہے میں نے تسلسل سے کہا ہے کہ عمران خان ایک فتنہ ہے جو قوم کو نقصان پہنچا رہا ہے، میں سمجھتا ہوں کہ اللہ کا اس ملک پر کرم ہو رہا ہے کہ یہ فتنہ ایکسپوز ہو رہا ہے اور یہ قوم کا بھی فرض ہے کہ اس رہنمائی سے فائدہ اٹھایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اس فتنے کو اللہ کی ذات ایکسپوز کر رہی ہے، اب ہر چیز سامنے آ رہی ہے، اتنا جھوٹا انسان، اتنا بڑا فراڈ، سائفر کے معاملے میں کس طرح سے عمران خان نے جھوٹا لیٹر لہرایا اب یہ ایکسپوز ہوا ہے کہ وہ سب فراڈ تھا، یہ قوم کے ساتھ کھیل کھیل رہا تھا، عمران خان کہتا تھا کہ یہ حکومت باہر سے مسلط کی گئی ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان نوجوانوں سے حقیقی آزادی کے لیے حلف لے رہا ہے، اسے پتا ہی نہیں ہے کہ حقیقی آزادی ہے کیا، حقیقی آزادی جو لیٹر سے گم ہو گئی ہے اسے دلانے کے لیے حلف لے رہا ہے، آج اس فتنے کا ادراک ہو جانا چاہیے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ میں گزارش کروں گا میڈیا سے بھی اس فتنے کو ایکسپوز کیا جائے، یہ فتنہ خان کہہ رہا تھا کہ آپ کو غلط فہمی ہو گئی ہے کہ نمبر گیم پوری ہو گئی ہے، عمران خان آڈیو میں کہتے ہوئے سنائی دے رہا ہے کہ میں کھیل کھیل رہا ہوں، اس نے جو کھیل کھیلا ہے اس کے بعد کوئی غیرملکی وفد آپ کے ساتھ کنفیڈنس سے بات کرسکے گا؟ ایک جھوٹا بیانیہ گھڑنے کے لیے اس نے قوم کے ساتھ کھیل کھیلا، پاکستان کو اتنا نقصان ہوا ہے کہ کئی دہائی ت ک پاکستان کو جھیلنا پڑے گا۔