نیویارک(ایم این پی) ہالی ووڈ اداکارہ انجلینا جولی نے سابق شوہر اداکار بریڈ پٹ پر سنگین الزامات عائد کر دیئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق انجلینا جولی نے سابق شوہر اور اداکار بریڈ پٹ کی جانب سے بدسلوکی کے الزامات کی تفصیل عدالت میں پیش کر دیں ہیں۔
انجلینا جولی کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی تفصیلات میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بریڈ پٹ نے نہ صرف انجلینا بلکہ ان کے بچوں کو بھی کئی مرتبہ تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔
انجلینا کی تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ 2016 میں ایک پرواز کے دوران بریڈ پٹ نے ان کا سر پکڑ کر جھنجھوڑا، پھر ان کے ایک بچے کا گلا گھونٹا اور دوسرے بچے کو مارا۔
غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ دورانِ نجی پرواز میں اس بدسلوکی کی وجہ ہ فرانسیسی گھر اور مشترکہ جائیداد تھی۔
عدالت میں جمع کرائی گئی دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ معاملہ یہیں ختم نہیں ہوا ، بریڈ پٹ جولی کو زبردستی باتھ روم تک لے گئے اور ان پر چلانا شروع کر دیا۔ انہوں نے جولی کو سر اور کندھوں سے پکڑ کر جھنجھوڑا اور پھر باتھ روم کی دیوار کی جانب دھکا دے دیا۔
اسی دوران انجیلینا جولی کے بیٹے نے اپنی ماں کی حمایت کی تو بریڈ پٹ اس پر بھی بھڑک اُٹھے اور بچوں کو بھی تھپڑ لگائے۔
واضح رہے کہ 14 ستمبر 2016 میں انجلینا جولی اور ان کے سابق شوہر بریڈ پٹ کے درمیان نجی پرواز میں بدسلوکی کا واقعہ پیش آیا تھا۔ جس کے بعد 2014 میں شادی کرنے والی اس جوڑی نے شادی کے 2 سال بعد ہی 2016 میں علیحدگی کے لیے درخواست دائر کی تھی۔
یاد رہے کہ انجیلینا جولی اور ان کے سابق شوہر بریڈ پٹ کے درمیان فرانس میں ان کی مشترکہ جائیداد کی ملکیت پر عدالتی جنگ جاری ہے۔