مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز لندن روانہ ہوگئیں

Media Network Pakistan

لاہور(ایم این پی) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز آج نجی ایئر لائن کی پرواز کیو آر 629 کے ذریعے لندن روانہ ہوگئیں۔

پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز آج نجی ایئر لائن (قطر ایئر ویز) کی پرواز کیو آر 629 کے ذریعے براستہ دوحا لندن روانہ ہوئیں، خاندانی ذرائع کے مطابق مریم نواز صبح ساڑھے 8 بجے جاتی امرا سے لاہور کے علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئرپورٹ کے لیے روانہ ہوئیں۔

مریم نواز کو کل ہی لاہور ہائیکورٹ سے پاسپورٹ واپس ملا تھا، انہوں نے پاسپورٹ ملنے کے بعد ہنگامی پریس کانفرنس بھی کی تھی۔ خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز کی لندن روانگی کی تمام تر تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں جبکہ ان کے ہمراہ شوہر کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر بھی جائیں گے۔

خاندانی ذرائع کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی واپسی ایک ماہ کے بعد 6 نومبر کو شیڈول کی گئی ہے، وہ 3 سال کے بعد اپنے والد نواز شریف سے بالمشافہ ملاقات کر سکیں گی۔ مریم نواز اپنے بھائیوں سے تقریباً 5 سال کے بعد ملیں گی، وہ لندن میں اپنے والد سے تفصیلی سیاسی مشاورت بھی کرینگی۔

مریم نواز لندن میں اپنے والد نواز شریف کی عیادت کریں گی اور ان کے علاج معالجے کی نگرانی بھی کریں گی، خاندانی ذرائع کے مطابق مریم نواز ممکنہ طور پر نواز شریف کے ہمراہ وطن واپس آئیں گی۔

مریم نواز نے لندن روانگی سے قبل اپنے ملازمین کو ہدایات دے دیں، ان کی روانگی کے بعد جاتی امرا میں شریف خاندان کا کوئی فرد قیام پذیر نہیں ہو گا، نواز شریف پہلے ہی ملک سے باہر ہیں جبکہ شہباز شریف وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں قیام پذیر ہیں، شہباز شریف لاہور میں ہوں تو ماڈل ٹاؤن والی یا ڈیفنس والی رہائشگاہ پر قیام پذیر ہوتے ہیں جب کہ حمزہ شہباز اور عباس شریف مرحوم کے بچے اپنے اپنے پورشنز ہونے کے باوجود جاتی امرا میں قیام پذیر نہیں ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں